پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے 1916 اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو غیر حاضر اساتذہ سے 3 روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نامزد اضلاع یحییٰ اخونزادہ کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ اگر مقررہ مدت میں تسلی بخش جواب جمع نہ کراسکے تو ان کے خلاف قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں اساتذہ کی غیر حاضری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اساتذہ کی ڈیوٹی سے غیر موجودگی بچوں کی تعلیم اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی کو متاثر کر رہی ہے۔ سیکرٹری تعلیم کو کارروائی کی تفصیلی رپورٹ مقررہ وقت میں سیکرٹریٹ بھجوانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں 1042 خواتین اور 874 مرد شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان 419 غیر حاضر اساتذہ کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بنوں میں 348 اور جنوبی وزیرستان اپر میں 243 اساتذہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 204، لکی مروت میں 150، کرم میں 130، خیبر میں 114، باجوڑ میں 88، مہمند میں 70، اورکزئی میں 66، ٹانک میں 52 اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ کی غیر مجاز غیر حاضری رپورٹ ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں 620 پرائمری اسکول ٹیچرز (PST) اور 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز (PSHT) شامل ہیں، جبکہ 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔
سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر قاسم نے اساتذہ کی غیر حاضری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر حاضر اساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔
