ریاض حسین | پشاور، پاک ٹوڈے
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 14 بڑے شہروں میں الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے پہلے مرحلے میں پشاور، ایبٹ آباد، مردان، نوشہرہ، سوات اور کوہاٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جمعرات کو متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مجوزہ منصوبے کی مالی، تکنیکی اور انتظامی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے فزیبلٹی رپورٹس تیار کرکے پیش کی جائیں تاکہ منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔
اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ فضائی آلودگی میں کمی لانا اور روایتی ایندھن پر چلنے والی گاڑیوں پر انحصار کم کرنا ہے۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مزید آٹھ شہروں تک بس سروس توسیع دینے کی تجویز ہے، جس کے بعد مستفید ہونے والے شہروں کی تعداد 14 ہوجائے گی۔
تاہم یہ منصوبہ مکمل طور پر نیا نہیں ہے۔ سینئر صحافی لحاظ علی کے مطابق خیبرپختونخوا میں شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا منصوبہ دراصل سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دور میں تیار کیا گیا تھا، جس کے تحت سوات، ایبٹ آباد، مردان، بنوں اور کوہاٹ سمیت مختلف ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں پبلک ٹرانسپورٹ بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
لحاظ علی کا کہنا ہے کہ بعدازاں پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) نظام میں بسوں کی کمی، خصوصاً فیڈر روٹس پر بڑھتے ہوئے مسافروں کے دباؤ کے باعث اس منصوبے میں تبدیلی کی گئی۔
ان کے بقول بی آر ٹی پر مسافروں کی تعداد میں اضافے اور موجودہ بسوں کی ناکافی تعداد کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ بسیں مختلف ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تقسیم کرنے کے بجائے پشاور میں چلائی جائیں تاکہ بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کی جاسکیں۔
نظرثانی شدہ منصوبے کے تحت پشاور کے لیے تقریباً 50 سے 53 اضافی بسیں مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اس کے ساتھ بی آر ٹی کے فیڈر روٹس میں توسیع، سوزوکیوں پر مشتمل روایتی پبلک ٹرانسپورٹ کی جگہ متبادل نظام متعارف کرانے اور ٹریفک کے مسائل کم کرنے کے لیے شہر سے باہر بس ٹرمینل قائم کرنے کے منصوبے بھی شامل تھے۔
لحاظ علی کے مطابق موجودہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ الیکٹرک بس منصوبہ دراصل سابقہ دور میں منظور کیے گئے ہائبرڈ بس منصوبے کی نئی شکل معلوم ہوتا ہے، جس میں ہائبرڈ بسوں کی جگہ مکمل طور پر الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
انہوں نے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی جانب منتقلی کے فیصلے کو مثبت قرار دیتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا کہ آیا حکومت نے اس بڑے منصوبے کے لیے مطلوبہ مالی وسائل مختص کیے ہیں یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف شہروں میں الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے اربوں روپے درکار ہوں گے۔ سابقہ ہائبرڈ بس منصوبے کو الیکٹرک بس منصوبے میں تبدیل کرنا ایک اچھا فیصلہ ہے، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار مطلوبہ فنڈز کی دستیابی اور مؤثر عمل درآمد پر ہوگا۔
دریں اثنا، پشاور سے نوشہرہ تک بی آر ٹی سروس کی توسیع پر آنے والے ممکنہ اخراجات کا تخمینہ لگانے کے لیے بھی ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے۔
حکام نے پشاور کے مزید علاقوں تک بی آر ٹی سروس بڑھانے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے نئے روٹس متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ماہرین کے مطابق مجوزہ اقدامات صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوسکتے ہیں، تاہم ان منصوبوں کے عملی نتائج کا انحصار بروقت فنڈز کی فراہمی، ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر، مؤثر انتظامی منصوبہ بندی اور پشاور سے باہر دیگر شہروں میں بھی پائیدار ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی پر ہوگا۔
فزیبلٹی رپورٹس کے ذریعے منصوبے کی اصل لاگت، عمل درآمد کے لیے درکار وقت اور صوبائی حکومت کی مالی و انتظامی استعداد کا تعین کیا جائے گا، جس کے بعد 14 شہروں میں الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کے حوالے سے پیش رفت ممکن ہوگی۔
