راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاکستان کی مسلح افواج نے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس یہ میزائل آواز کی رفتار سے زیادہ تیزی کے ساتھ طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 3 کا کامیاب تجربہ پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اس میزائل نظام سے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل استعداد اور اہداف تک رسائی میں مزید بہتری آئے گی۔
میزائل کے تجربے کے موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنس دان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔ تاہم فوج کی جانب سے میزائل کی زیادہ سے زیادہ رینج، رفتار اور تجربے کے مقام سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیموں کو مبارک باد دی۔
فوج کے مطابق رواں سال اکتوبر میں فتح 4 کروز میزائل کے توسیع شدہ رینج والے ورژن اور فتح 2 ای آر میزائل کے تجربات بھی کیے گئے تھے۔ فتح 3 کا موجودہ تجربہ پاکستان کے میزائل پروگرام میں ایک نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
