لاہور (پاک ٹوڈے): پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹا بھی مہنگا ہوگیا، جس سے عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گندم کی فی من قیمت مختلف شہروں میں 5 ہزار 920 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ممکنہ بحران کے خدشات بھی بڑھنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5 ہزار 900 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاہور میں اس کی قیمت 5 ہزار 750 روپے اور راولپنڈی و اسلام آباد میں 5 ہزار 920 روپے فی من ریکارڈ کی گئی ہے۔
گندم مہنگی ہونے کے اثرات آٹے کی قیمتوں پر بھی پڑے ہیں۔ لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی ہول سیل قیمت 2 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں یہی تھیلا 2 ہزار 650 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب محکمہ زراعت نے رواں سال گندم کی پیداوار میں کمی اور تقریباً 25 لاکھ ٹن شارٹ فال کی تصدیق کی ہے۔ گندم کی درآمد کے باوجود ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
فلار ملز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹ میں گندم کی قلت اور قیمتوں میں مزید اضافے کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔
فلار ملز کے مطابق حکومتوں نے فوری اقدامات نہ کیے تو گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ مارکیٹ ذرائع نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو قیمتوں میں اضافے کا بحران آٹے کی دستیابی کے بحران میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
