حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے
بلوچستان اسمبلی نے جمعے کے روز متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی، جس میں صوبے بھر کے تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں بنیادی عربی کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
قرارداد منظور تو ہو گئی، مگر اس کے ساتھ ہی ایک اہم سوال بھی اٹھ کھڑا ہوا ہے: کیا قرارداد منظور کرنے والے ارکان اسمبلی کے اپنے بچے بھی سرکاری اسکولوں میں پڑھتے ہیں یا نجی تعلیمی اداروں میں؟
حکومت بلوچستان کے اس اقدام پر ماہرین تعلیم کی آرا مختلف ہیں۔ بعض تجزیہ کار اسے پہلے سے بوجھ تلے دبے بچوں کے نصاب میں مزید مضامین کا اضافہ قرار دے رہے ہیں۔
بچوں پر پہلے ہی کتنی زبانوں کا بوجھ ہے؟
یونیسف میں بچوں کی تعلیم کے شعبے سے وابستہ سپورٹ پروگرام آفیسر نقیب اللہ خلجی نے بتایا کہ بلوچستان کے پرائمری اسکولوں میں بچے پہلے ہی بین الاقوامی رابطے کے لیے انگریزی، قومی زبان اردو اور مادری زبانوں پشتو، بلوچی اور براہوی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عربی زبان کو بھی نصاب میں شامل کر دیا گیا تو اس سے بچوں کی ذہنی صلاحیتیں متاثر ہو سکتی ہیں، کیونکہ ان کے خیال میں بچوں کی ذہنی صلاحیت کا بڑا حصہ زبانیں سیکھنے میں صرف ہو جاتا ہے۔
عربی تو مساجد میں پہلے ہی پڑھائی جاتی ہے
نجی شعبہ تعلیم سے وابستہ اسرار پانیزئی نے قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عربی زبان ہمارے مذہب سے وابستہ ہے اور مساجد و مدارس میں پہلے ہی پڑھائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرائمری اسکولوں میں انگریزی، ریاضی، سائنس اور مادری زبانوں کی تدریس کے لیے ہی اساتذہ دستیاب نہیں ہیں۔ ہزاروں اساتذہ غیر حاضر ہیں، کئی اسکول بند پڑے ہیں اور ہنر سکھانے کے لیے بھی اساتذہ موجود نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں بچوں کو ہنر سکھانے پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ ہم نصاب میں مزید مضامین کا اضافہ کر رہے ہیں۔
قرارداد میں کیا کہا گیا ہے؟
یہ قرارداد جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رؤف نے پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی عربی کی تعلیم سے طلبہ کو قرآن کریم میں کثرت سے استعمال ہونے والے الفاظ اور ان کے معانی سمجھنے میں مدد ملے گی، جس سے وہ کم عمری ہی سے قرآن پاک کو بہتر طور پر سمجھنے کے قابل ہو سکیں گے۔
قرارداد میں ایک سادہ، معیاری اور مرحلہ وار نصاب تیار کرنے پر زور دیا گیا ہے، جس میں عربی کے بنیادی الفاظ، قواعد اور قرآن کریم میں عام استعمال ہونے والے الفاظ و تراکیب شامل ہوں۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ اساتذہ، معیاری نصابی کتب، تدریسی مواد اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت طلبہ کی عمر، ذہنی صلاحیتوں اور تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرحلہ وار پروگرام شروع کرے اور اس کے نفاذ کا باقاعدگی سے جائزہ بھی لے۔
مادری زبانوں کا قانون کہاں گیا؟
بحث کے دوران رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مادری زبانوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے 2013 میں قانون سازی کی گئی تھی۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مجوزہ عربی زبان کے پروگرام کے ساتھ ساتھ اس قانون پر بھی عمل درآمد یقینی بنائے۔
بحث کے بعد اسمبلی نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی، جس میں پورے بلوچستان کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں بنیادی عربی کی تعلیم لازمی قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
سرکاری اسکولوں کو سیاسی مداخلت نے کتنا نقصان پہنچایا؟
تعلیم کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی شعبے کو سب سے زیادہ نقصان سیاسی مداخلت نے پہنچایا ہے۔
ان کے مطابق ارکان اسمبلی سمیت بااثر طبقے کے بیشتر افراد کے بچے نجی تعلیمی اداروں میں پڑھتے ہیں، جس کے باعث سرکاری اسکولوں کے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی۔
28 سے 30 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر
ماہرین کے مطابق صوبے میں اس وقت تقریباً 28 سے 30 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
اسکول جانے کی عمر کے بچوں کی مجموعی تعداد تقریباً 50 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ اس حساب سے بلوچستان کے تقریباً 45 سے 50 فیصد بچے تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ نصاب میں نئے مضامین کا اضافہ نہیں، بلکہ بند اسکولوں کو کھولنا، غیر حاضر اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا اور اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں تک لانا ہے۔
