راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے شادی کی تقریب میں صرف سلام دعا ہوئی، وقت کے ساتھ دشمنی دوستی اور دوستی دشمنی میں بدل سکتی ہے، اس لیے نفرتیں ختم ہونی چاہئیں۔
اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح انتخابی میدان میں حصہ لے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی تیار کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے ملاقات سے متعلق خبروں کو اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شادی کی تقریب میں محض ہیلو ہائے ہوئی تھی، اس کے علاوہ کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کسی ادارے کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتی، تاہم ہر ادارے کے سربراہ کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، امید ہے کہ اس مرتبہ عدالتی حکم پر عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کے باعث سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کے بعد عمران خان کی صحت سے متعلق جو معلومات لے کر آئے، وہ حوصلہ افزا نہیں تھیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر بھی عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اور وزیر داخلہ سے رابطہ رہتا ہے، تاہم فی الحال نہ کوئی مذاکرات جاری ہیں اور نہ ہی پس پردہ کوئی بات چیت ہو رہی ہے۔ ان کے بقول سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ رابطے آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں ہوئے ہیں اور مشترکہ مسائل پر دونوں جماعتیں ایک ساتھ کھڑی ہو سکتی ہیں، تاہم مشترکہ تحریک شروع کرنے کی بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔
خیبرپختونخوا کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے گورنر راج اور ایمرجنسی کو جمہوری حکومت کا متبادل قرار دینے سے انکار کیا اور گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے احتجاج کے لیے باہر نہ نکلنے سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہیے کہ ان کا غصہ ختم ہو چکا ہے۔
