اسلام الدین ساجد
کابل، اسلام اباد (پاک ٹوڈے) افغان حکومت نے اقوام متحدہ کے دو اداروں یونیسف اور یونیسکو کی اس مشترکہ رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں پرائمری اسکول جانے کی عمر کے 53 فیصد بچے رسمی تعلیمی نظام سے باہر ہیں۔
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاک ٹوڈے سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ بعض بین الاقوامی ادارے افغانستان میں تعلیمی صورت حال کو خراب ظاہر کرکے اپنے لیے فنڈز جمع کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغان حکومت یونیسف اور یونیسکو کی حالیہ رپورٹ کی تائید نہیں کرتی اور اسے مسترد کرتی ہے۔ ان کے بقول افغانستان میں اسکولوں، مدارس اور اساتذہ کی کمی نہیں ہے اور ملک کے کسی علاقے میں ایسا نہیں جہاں بچوں کے لیے تعلیم کی سہولت موجود نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ افغان وزارت تعلیم کی رپورٹ کے مطابق پورے افغانستان میں اسکول، مدارس، تعلیمی مراکز اور مکاتب موجود ہیں اور لوگ اپنے بچوں کو تعلیم بھی دلوا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے بعض دور دراز علاقوں میں تعلیمی مراکز تک رسائی میں مشکلات ہوں، لیکن ایسے علاقوں کی تعداد بہت کم ہے۔ حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام کیا ہے اور ملک بھر میں تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مجاہد نے کہا کہ اسی لیے اقوام متحدہ کے اداروں کی رپورٹ غلط اور بے بنیاد ہے۔
یونیسف اور یونیسکو کی رپورٹ میں کیا کہا گیا؟
یاد رہے کہ یونیسف اور یونیسکو نے 4 نومبر 2026 کو افغانستان کی تعلیمی صورت حال سے متعلق مشترکہ رپورٹ جاری کی تھی، جس کے مطابق ملک میں پرائمری اسکول جانے کی عمر کے 53 فیصد بچے رسمی عمومی تعلیمی نظام سے باہر ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2021 میں طالبان کی حکومت واپس آنے کے بعد سے 26 لاکھ سے زائد لڑکیاں ثانوی تعلیم حاصل کرنے کے حق سے محروم ہیں۔ افغانستان میں لڑکیوں کے لیے چھٹی جماعت سے آگے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے پر پابندی برقرار ہے، جبکہ خواتین کے لیے جامعات کی تعلیم بھی بند ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں سرکاری پرائمری اسکولوں میں تقریباً 66 لاکھ بچے زیر تعلیم تھے، جو 2022 کے مقابلے میں تقریباً 5 لاکھ 60 ہزار زیادہ ہیں۔ تاہم آبادی میں اضافے کی رفتار کے مقابلے میں اسکولوں میں داخلوں کی شرح نہیں بڑھ رہی۔
یونیسف اور یونیسکو نے بتایا کہ اکتوبر 2026 تک افغانستان میں کمیونٹی کی سطح پر تقریباً 5,300 تعلیمی کلاسیں کام کر رہی تھیں، جن میں تقریباً ایک لاکھ 62 ہزار طلبہ زیر تعلیم تھے۔ ان میں 64 فیصد لڑکیاں تھیں۔ تاہم رپورٹ کے مطابق یہ متبادل تعلیمی انتظامات باقاعدہ اسکولوں کی جگہ نہیں لے سکتے۔
تعلیمی معیار اور اساتذہ کی کمی بھی بڑا مسئلہ
رپورٹ میں افغانستان کے تعلیمی نظام کے معیار پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
ملک کے 34 صوبوں میں 55 ہزار سے زائد طلبہ کے جائزے سے معلوم ہوا کہ چوتھی جماعت کے نصف سے بھی کم طلبہ تیسری جماعت کی زبان کی بنیادی مہارتوں کا مطلوبہ معیار حاصل کر سکے، جبکہ ریاضی میں یہ شرح صرف 25 فیصد تھی۔
رپورٹ کے مطابق تین سے چار سال کی عمر کے 100 میں سے ایک سے بھی کم بچے ابتدائی بچپن کی تعلیم کے پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ستمبر 2026 تک تقریباً 12 لاکھ 30 ہزار افغان شہری بیرون ملک سے واپس آچکے تھے، جن میں 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی معاونت کی ضرورت تھی۔
افغان حکومت اور عالمی اداروں کا مؤقف مختلف
افغان طالبان حکومت ایک طرف ملک میں تعلیمی سہولیات کی دستیابی اور گزشتہ پانچ برسوں میں تعلیم کے شعبے میں پیش رفت کا دعویٰ کر رہی ہے، جبکہ دوسری طرف اقوام متحدہ اور متعدد عالمی ادارے بالخصوص لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم پر پابندیوں کو افغانستان کے مستقبل کے لیے سنگین مسئلہ قرار دے رہے ہیں۔
افغان حکومت کا مؤقف ہے کہ خواتین کی تعلیم کے لیے الگ نظام اور تعلیمی اداروں کے قیام پر کام کیا جا رہا ہے، تاہم لڑکیوں کی ثانوی تعلیم اور خواتین کی جامعات تک رسائی پر عائد پابندیاں تاحال برقرار ہیں۔
یونیسف اور یونیسکو نے اپنی رپورٹ میں افغان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لڑکیوں اور خواتین کے لیے تعلیم کا حق مکمل طور پر بحال کیا جائے اور تعلیمی نظام میں سرمایہ کاری، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
اقوام متحدہ کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر تعلیمی نظام میں موجود ان رکاوٹوں کو دور نہ کیا گیا تو افغانستان کی ایک پوری نسل تعلیم کے مواقع سے محروم رہ سکتی ہے، جس کے اثرات ملک کی مستقبل کی معاشی ترقی اور تعمیر نو پر بھی مرتب ہوں گے۔
