ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے اہم مالیاتی مرکز کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں حملے کے نتیجے میں آرامکو کی ایک عمارت کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ آرامکو کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اس کی کئی منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ عمارت کے بیرونی حصے کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم، نقصان کی نوعیت اور حملے کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اتوار کی صبح بتایا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا پتا لگا کر انہیں تباہ کر دیا۔ دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حوثی اس سے قبل بھی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، توانائی کے مراکز اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعوے کرتے رہے ہیں۔
کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ سعودی عرب کے اہم مالیاتی اور کاروباری مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں بلند عمارتوں، تجارتی مراکز اور رہائشی منصوبوں کے علاوہ میٹرو اسٹیشن بھی قائم ہے۔
حملے سے چند گھنٹے قبل سعودی وزارتِ تعلیم نے ریاض میں کئی ہفتوں سے جاری آن لائن تعلیم کے بعد اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
