کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع پشین کی تحصیل بوستان میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس تھانے پر حملہ کردیا، تاہم پولیس کی فوری جوابی کارروائی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد نے اچانک بوستان پولیس تھانے کو نشانہ بنایا، جس پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فرار ہوتے ہوئے مسلح افراد نے تھانے کے احاطے میں کھڑی سرکاری اور نجی گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں تمام اہلکار محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد اضافی نفری طلب کرکے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے جبکہ فرار حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
