بھکر (پاک ٹوڈے): پنجاب کے شہر بھکر کے نواحی علاقے چک نمبر 35 ایم ایل جنڈنوالہ میں پانچ بچوں کی ماں کے اندھے قتل کا معمہ حل ہوگیا، جہاں 32 سالہ حمیرا کو قتل کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ اس کا اپنا شوہر نکلا، جس نے واردات چھپانے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا کر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق زمیندار ندیم نے اپنی بیوی کو تیز دھار آلے سے گردن کاٹ کر قتل کیا اور واقعے کو ڈکیتی اور قتل کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ ملزم نے خود ہی پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر کال کرکے واردات کی اطلاع دی، جبکہ جنازے کے موقع پر بھی زار و قطار روتا رہا تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔
پولیس نے شواہد اور شبہات کی بنیاد پر مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو معاملے کا رخ بدل گیا۔ ڈی پی او شاہد احمد خان کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا تیز دھار چھرا بھی برآمد کرلیا۔ ڈی پی او شاہد احمد خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر اصل ملزم کو گرفتار کیا ہے اور اسے قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔
