اسلام آباد (پاک ٹوڈے): سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں ان کے فوری طبی معائنے اور علاج کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بینائی شدید متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اڈیالہ جیل حکام کو بشریٰ بی بی کی مکمل میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور انہیں اپنے ذاتی اخراجات پر ماہر امراضِ چشم سے فوری علاج کرانے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اڈیالہ جیل میں وکیل سے ملاقات کے دوران عمران خان نے بھی اپنی اہلیہ کی آنکھوں کی تکلیف پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور ان کے مقدمات میں عدالتوں سے ریلیف حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
