بیجنگ (پاک ٹوڈے): پاکستان کا ایک خلا باز چین کے آئندہ انسانی خلائی مشن میں شرکت کرے گا اور اس طرح وہ چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن جائے گا۔
چین کی انسان بردار خلائی پروازوں کے ادارے (CMSA) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی خلا باز شینژو 24 خلائی جہاز کے عملے کے ساتھ خلا میں جائے گا۔ ادارے کے مطابق وہ بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ مختصر مدت کے خلائی مشن میں حصہ لے گا۔
مشن کی روانگی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم توقع ہے کہ یہ مشن رواں سال کے اختتام تک شروع ہوگا۔ پاکستانی خلا باز بعد ازاں شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا، جو رواں سال مئی میں چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوا تھا۔
چینی ادارے نے پاکستانی خلا باز کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم رواں سال اپریل میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین کے خلائی تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے منتخب کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت چین نے پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کا پروگرام شروع کیا۔ معاہدے کے مطابق تربیت مکمل کرنے کے بعد پاکستانی خلا باز آئندہ چند برسوں میں چینی خلا بازوں کے ساتھ مختصر دورانیے کے خلائی مشنز میں حصہ لیں گے۔
چین نے حالیہ برسوں میں اپنے خلائی پروگرام پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے اور 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر بھیجنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
