60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے ’احساس بزرگ کارڈ‘ کی منظوری

پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا حکومت نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ’’احساس بزرگ کارڈ‘‘ کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 60 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کو پشاور بی آر ٹی میں مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

​وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ اس سہولت کی فراہمی پر صوبائی حکومت کو سالانہ تقریباً 93 کروڑ 50 لاکھ روپے کے اخراجات برداشت کرنے ہوں گے۔

​منصوبے کے طریقہ کار کے مطابق بزرگ شہریوں کی شناخت اور عمر کی تصدیق نادرا ریکارڈ کے ذریعے کی جائے گی، جس کے بعد آئندہ پانچ ماہ کے اندر کارڈز کے اجراء کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ شفافیت کو یقینی بنانے اور کارڈ کے غیر متعلقہ استعمال کو روکنے کے لیے ضوابط کی خلاف ورزی پر 500 روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔

​اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ احساس بزرگ کارڈ حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بزرگ شہریوں کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

​دوسری جانب پشاور کے شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں یہ سہولت بزرگ افراد کے لیے بہتر مالی ریلیف ثابت ہوگی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس سہولت کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ کارڈ کے حصول کے عمل کو سادہ اور آسان رکھا جائے۔ اس کے ساتھ ہی شہریوں نے یہ تجویز بھی دی کہ مستقبل میں اس مفت سفری سہولت کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع اور پبلک ٹرانسپورٹ تک وسیع کیا جائے۔

Related posts

بلوچستان: خاران اور واشک میں 11 مبینہ شدت پسند ہلاک، دھماکا خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ

تربت: خیر آباد کے قریب اسسٹنٹ کمشنر تمپ کی سرکاری گاڑی چھین لی گئی

8 ماہ کے دوران ہزاروں شکایات کا ازالہ، عوامی اطمینان ہی اصل وژن