بلوچستان (پاک ٹوڈے): سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کارروائیاں کرتے ہوئے 11 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں آپریشنز کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق خاران میں سڑک بلاک کرنے کی کوشش کے دوران کی گئی کارروائی میں 8 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ واشک میں ایک ٹھکانے کو نشانہ بنا کر 3 افراد کی ہلاکت اور 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد کی برآمدگی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید عناصر کی موجودگی کے پیشِ نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور یہ کارروائیاں ‘عزمِ استحکام’ کے تحت کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز ملک میں امن و امان کے قیام اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔