ٹانک (پاک ٹوڈے): ضلع ٹانک کے نواحی علاقے عمر اڈہ میں نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے ویلیج چیئرمین مبارک شاہ جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح ملزمان نے مبارک شاہ کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ علاقے میں موجود تھے۔ فائرنگ کے فوری بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) عبدالصمد خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے علاقے کی تمام داخلی و خارجی سڑکوں پر سخت ناکہ بندی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔