تربت (پاک ٹوڈے): تمپ سے تربت آنے والے سرکاری موٹر کیڈ پر خیر آباد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے اسسٹنٹ کمشنر تمپ کی سرکاری گاڑی چھین لی، تاہم گاڑی میں سوار نہ ہونے کے باعث اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تمپ کی کالے رنگ کی سرف گاڑی کو خیر آباد کے قریب مسلح افراد نے روک کر اس میں موجود ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ کو اپنے قبضے میں لے لیا اور گاڑی سمیت فرار ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر موٹر کیڈ کے پیچھے آنے والی دوسری گاڑی میں سوار تھے، جس کے باعث دونوں انتظامی افسران محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
واقعے کے فوری بعد متعلقہ حکام اور انتظامیہ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاہم، فی الحال واقعے کے محرکات اور مسلح افراد کی شناخت کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔