اسلام آباد (پاک ٹوڈے): جمعیت علمائے اسلام ف نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج میں شریک ہونے سے انکار کردیا ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جے یو آئی ف سے احتجاج میں شرکت کے معاملے پر رابطہ کیا گیا تھا، تاہم ان کی جماعت پہلے ہی اس میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کرچکی تھی۔
ان کے مطابق پی ٹی آئی کی طرف سے پہلے بیرسٹر گوہر نے رابطہ کیا، جبکہ بعد میں علی ظفر نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے درمیان مختلف تجاویز اور آئندہ کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔
کامران مرتضیٰ نے بتایا کہ جے یو آئی ف نے پی ٹی آئی کو واضح کردیا تھا کہ 27 ستمبر کے احتجاج میں اس کی شرکت ممکن نہیں ہوگی۔
جے یو آئی ف کے رہنما کے مطابق پی ٹی آئی جب احتجاج کا فیصلہ پہلے ہی کرچکی تھی تو کسی دوسری نوعیت کی سیاسی جماعت کو مظاہرے سے محض ایک ہفتہ قبل اس میں شامل ہونے کی دعوت دینا مناسب نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف کا موقف واضح ہے اور پارٹی نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
