اسلام آباد (پاک ٹوڈے): بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت براہِ راست نشر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست عمران خان کے وکیل کے ذریعے جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپیلوں کی سماعت کی لائیو اسٹریمنگ سے عدالتی کارروائی میں شفافیت کو فروغ ملے گا اور عوام کا نظامِ انصاف پر اعتماد مضبوط ہوگا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کی فراہمی، عدالتی عمل میں شفافیت اور عوامی اعتماد کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیلوں کی سماعت براہِ راست نشر کرنے کا حکم دیا جائے۔
اس سے قبل گزشتہ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بھی زبانی طور پر اپیلوں کی کارروائی براہِ راست نشر کرنے کی استدعا کی تھی، جس کے بعد اب اس حوالے سے باقاعدہ درخواست دائر کی گئی ہے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔ لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر عدالت کا فیصلہ سامنے آنا باقی ہے۔