لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعینات، کنٹینر لگا کر راستے بند، جے یو آئی کا شدید احتجاج

اسلام الدین ساجد| پاک ٹوڈے

اسلام آباد (پاک ٹوڈے)۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں رہائش گاہ کے باہر پنجاب پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے راستے بند کردیے گئے، جس کے بعد جے یو آئی نے حکومت پنجاب کے اقدام پر شدید احتجاج کیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے اور منگل کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا تھا، تاہم پولیس نے ان کی رہائش گاہ کے باہر اہلکار تعینات کرکے انہیں باہر نکلنے سے روک دیا ہے۔

پارٹی کے مطابق پولیس نے لاہور کی پارک ویو سوسائٹی میں واقع مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے اطراف بھاری نفری تعینات کی، سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر کنٹینر رکھ دیے اور آمد و رفت کے راستے بند کردیے۔

جے یو آئی کا الزام ہے کہ پولیس نے سوسائٹی کے دیگر رہائشیوں کی نقل و حرکت بھی محدود کردی ہے اور انہیں اندر آنے اور باہر جانے سے روکا جا رہا ہے۔

کامران مرتضیٰ کا پولیس اقدام پر احتجاج

جمعیت وکلا فورم پاکستان کے مرکزی صدر اور سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے مولانا فضل الرحمان کو رہائش گاہ سے باہر نکلنے سے روکنے کی تصدیق کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور انہیں رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن کسی سیاسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے پنجاب پولیس سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام رکاوٹیں ختم کی جائیں اور مولانا فضل الرحمان کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے خبردار کیا کہ اگر پولیس نے رکاوٹیں ختم نہ کیں تو جمعیت وکلا فورم پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آئے گا۔

جے یو آئی ترجمان کی پنجاب حکومت کو تنبیہ

جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے بھی مولانا فضل الرحمان کا راستہ روکنے کے لیے ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعینات کرنے اور انہیں لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے خطاب سے روکنے کی کوششوں کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔

انہوں نے حکومت پنجاب کو خبردار کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور ایسے اقدامات سے باز رہے، بصورت دیگر جے یو آئی کے کارکنوں کو روکنا اس کے لیے ناممکن ہو جائے گا۔

اسٹیبلشمنٹ اور حکومت سے مولانا فضل الرحمان کے اختلافات میں اضافہ

مولانا فضل الرحمان اور پاکستان کی طاقتور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان گزشتہ چند ہفتوں سے کشیدگی جاری ہے، جس کا آغاز خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ہوا۔ مولانا ان اقدامات کو صوبے کے معدنی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

اس کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے بعض تعمیراتی اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نوٹس جاری کیا۔ ان نوٹسز میں مبینہ طور پر سرکاری اراضی پر سکیورٹی کیبن اور جنریٹر رکھنے، جبکہ گھر کے اندر کچن کی تعمیر کو ضابطوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

اس کے بعد مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ پشاور میں ان کی جماعت کے مرکز کو بھی نوٹس دیا گیا کہ اس کا کچھ حصہ تجاوزات کی زد میں آتا ہے۔

ان واقعات کے بعد مولانا فضل الرحمان کے حکومت اور مقتدر حلقوں کے خلاف بیانات میں سختی دیکھی گئی ہے۔

پشاور میں خطاب کی اجازت، لاہور میں رکاوٹیں کیوں؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کیا تھا، جہاں ان کی آمد اور خطاب میں کسی رکاوٹ کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

تاہم لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر خطاب کے لیے پہنچنے کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعینات کردی گئی اور راستے بند کردیے گئے۔

پنجاب میں اس وقت مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور مریم نواز وزیراعلیٰ ہیں۔ تاہم اس معاملے پر پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کیوں تعینات کی گئی اور سوسائٹی کے داخلی و خارجی راستے کیوں بند کیے گئے۔ پنجاب پولیس نے بھی تاحال اس کارروائی کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

Related posts

مستونگ میں دھماکے سے ایک اور پل تباہ، کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بند

لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا پولیس محاصرہ، بھاری نفری تعینات

سندھ کی وحدت برقرار رکھنے کے لیے اسد عمر کا سیاسی جماعتوں کو کھلا خط