تورغر (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر میں مسافر ڈاٹسن گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں جمعیت علمائے اسلام کے مقامی رہنما مولانا سمیع اللہ زرین بھی جان سے گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ سیری گیگانی کنڈو کے مقام پر پیش آیا، جہاں بریک فیل ہونے کے باعث گاڑی سڑک سے تین موڑ نیچے جا گری۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم اور ایمبولینسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں میں تین مرد، تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی بنیادی مرکز صحت منتقل کیا، جہاں سے بعد ازاں انہیں ڈی ایچ کیو اسپتال بٹگرام پہنچا دیا گیا۔ امدادی کارروائی میں تین ایمبولینسز اور 10 ریسکیورز نے حصہ لیا۔