ہنگو (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں انارچینہ کے مقام پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر مسلح افراد کی جانب سے کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس زرائع کے مطابق 8 ستمبر کو ہونے والے اس حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت فیصل اور ظفر حیدر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کے فوری بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو طارق حبیب نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری موقع پر روانہ کر دی گئی ہے، جبکہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دستے بھی مدد کے لیے انارچینہ چیک پوسٹ کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مسلح افراد نے توغ چپر اور انارچینہ کے درمیانی راستوں کے ساتھ ساتھ چیک پوسٹ کے گرد و پیش کی پہاڑیوں میں کمین گاہیں قائم کر رکھی ہیں تاکہ امدادی دستوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مسلح عناصر کی جانب سے انارچینہ چیک پوسٹ پر مختلف سمتوں سے سنائپر رائفلوں کے ذریعے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیراؤ میں لے کر جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔ فی الوقت حملے میں ملوث افراد کے جانی نقصان کے حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں، تاہم مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
