پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے وزیر ریونیو و اسٹیٹ طارق محمود آریانی نے صوبے میں گورنر راج کے امکانات سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔
طارق محمود آریانی نے کہا کہ ملک میں اس وقت دو طرح کے سیاسی نظام نظر آ رہے ہیں، ایک فارم 45 کا حقیقی اور عوامی راج جبکہ دوسرا فارم 47 کا جعلی اور فسطائی راج ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں عوامی راج قائم ہے جبکہ باقی ملک میں فارم 47 کی حکومت مسلط ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت کی جانب سے گورنر راج کی دھمکیاں عوامی حمایت کے سامنے بے معنی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں کارنر میٹنگز خود بخود جلسوں اور جلوسوں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ایک پروگرام کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس عوامی حمایت کا اظہار ہے۔
طارق محمود آریانی نے مزید کہا کہ یہ صرف شروعات ہے اور آنے والے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہوگی۔ انہوں نے عمران خان کے حامیوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کی مزاحمت کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے احتجاج روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تنقید کی۔