پشاور (پاک ٹوڈے): مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں حملوں میں 34 فیصد، پولیس اہلکاروں کی شہادتوں میں 93 فیصد جبکہ زخمی اہلکاروں کی تعداد میں 108 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
اختیار ولی خان کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے والے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے پاس پورے صوبے میں صرف 9 ایم فور رائفلز اور 11 نائٹ ویژن ڈیوائسز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار قربانیاں دے رہے ہیں، لیکن انہیں مطلوبہ وسائل اور سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاق کی جانب سے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں واپس کر دی گئیں اور اس وقت خیبرپختونخوا کے پاس صرف 17 بلٹ پروف گاڑیاں ہیں، جبکہ پنجاب میں 76 اور بلوچستان میں 42 گاڑیاں موجود ہیں۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کو موجودہ حالات میں مناسب وسائل کے بغیر چھوڑ دیا گیا ہے۔