کچلاک کے پہاڑوں پر مشینوں کا قبضہ، شہری گرد و غبار میں زندگی گزارنے پر مجبور

حمید سمسور

بلوچستان کے محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں کوئٹہ کے مغربی بائی پاس اور ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم اور فعال کرش پلانٹس کے خلاف آپریشن کیا۔

اس آپریشن کے دوران النور کرش پلانٹ، میٹریکون کرش پلانٹ اور دیگر چھ کرش پلانٹس سمیت مجموعی طور پر آٹھ کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی کی گئی اور انہیں سیل کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔

محکمے کے سیکرٹری نور احمد پرکانی نے پاک ٹو ڈے کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ماحولیاتی منظوریوں کی فیسوں کی مد میں ایک کروڑ ایک لاکھ روپے وصول کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 72.6 فیصد زیادہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مؤثر قانونی کارروائی، مسلسل نگرانی اور دیرپا ماحولیاتی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

قانونی پس منظر

محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کے مطابق اب تک 37 سے زائد کرش پلانٹس کو آبادی سے دور منتقل کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے بعض کے مقدمات تاحال عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے جولائی 2024 میں اسٹون کرش پلانٹس بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

کرش پلانٹس علاقے کے رہائشیوں کے لیے کیوں نقصان دہ ہیں؟

امین اللہ کچلاک کے رہائشی ہیں۔ ان کے گھر کے سامنے واقع پہاڑ پر ایک کرش پلانٹ قائم ہے۔ وہ صبح چھ بجے اٹھتے ہیں تو گھر کے صحن میں موجود چیزوں پر مٹی اور گرد و غبار کی تہہ جمی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ یہ مسئلہ کچلاک کی سات لاکھ آبادی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

کچلاک کے ایک اور رہائشی عبدالہادی نے بتایا کہ وہ ان پہاڑوں پر اپنی بھیڑ بکریاں چرایا کرتے تھے، لیکن کرش پلانٹس کی وجہ سے اب یہ وسیع پہاڑ ختم ہونے کے قریب ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس پلانٹ کو سی پیک کے لیے بجری فراہم کرنے کی غرض سے این او سی جاری کیا گیا تھا۔

صحت کے لیے کتنے نقصان دہ ہیں؟

طب کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی انسانوں اور جانوروں میں متعدد بیماریوں کا سبب بن رہی ہے۔

ڈاکٹر سعید احمد کاکڑ لورالائی میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل ہیں اور کافی عرصے سے کوئٹہ میں مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آبادی والے علاقوں کے قریب قائم کرش پلانٹس کے باعث وہاں کے رہائشیوں میں پھیپھڑوں کے کینسر، سانس لینے میں دشواری، گلے، گردوں اور دل کی بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔

عالمی تناظر

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث سالانہ 70 لاکھ اموات ہوتی ہیں۔ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں شامل ہیں۔

Related posts

بلوچستان میں مرغی کا گوشت کیوں مہنگا ہو رہا ہے؟ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود فی کلو نرخ 680 روپے تک پہنچ گئے

لاہور میں تیزرفتاری دو بھائیوں کی جان لے گئی، موٹرسائیکل حادثے میں دونوں جاں بحق

قرض دینے والی ایپس کے نام پر سائبر فراڈ کا نیٹ ورک بے نقاب، خواتین سمیت 154 افراد گرفتار