کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان نے کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان مقدس مقامات پر حملوں کو ناقابلِ جواز اور قابلِ مذمت اقدام سمجھتا ہے۔
انہوں نے کوہاٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران دہشتگردوں نے خودکش حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 16 پولیس اہلکاروں اور 6 شہریوں سمیت 22 افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق حملے میں 103 افراد زخمی ہوئے، جن میں 73 پولیس اہلکار اور 30 عام شہری شامل ہیں۔
