نئی دہلی (پاک ٹوڈے): بھارت میں کولکتہ سے ممبئی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں ہائی جیکنگ کی دھمکی موصول ہونے کے بعد مسافروں کو طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ مسافروں کو لے کر ممبئی روانہ ہونے کے لیے تیار تھا کہ اس دوران ہائی جیکنگ کی دھمکی سامنے آئی۔ اڑان سے قبل طیارے کے واش روم سے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک دھمکی آمیز نوٹ بھی ملا۔
اطلاعات کے مطابق پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد طیارے کو ایئرپورٹ کے رن وے پر ایک الگ تھلگ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتارنے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جہاز کی تلاشی شروع کر دی۔ فوری طور پر کسی مشکوک شے یا ممکنہ خطرے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔