کراچی (پاک ٹوڈے): اسلام آباد اور پنجاب میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے خلاف گڈز ٹرانسپورٹ سپریم کونسل نے کراچی سے اسلام آباد اشیائے خورونوش سمیت دیگر سامان کی ترسیل معطل کر دی ہے۔
چیئرمین گڈز ٹرانسپورٹ سپریم کونسل کے مطابق کنٹینرز پکڑے جانے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹرز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے، جس کے باعث کراچی سے اسلام آباد کے لیے لوڈنگ مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری سامان کی سپلائی معطل ہونے سے سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور پنجاب میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے باعث شپنگ کمپنیوں نے بھی گڈز ٹرانسپورٹ کو کنٹینرز کی فراہمی روک دی ہے اور متعدد کنٹینرز گراؤنڈ کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ لانگ مارچ اور سیاسی احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کے تحت ایک ہزار سے زائد کنٹینرز اور گاڑیاں روکے جانے کی اطلاعات ہیں، جن میں متعدد لوڈڈ کنٹینرز بھی شامل ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق روکے گئے کنٹینرز میں ادویات اور جلد خراب ہونے والا سامان بھی موجود ہے، جس کے خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
پولیس کی جانب سے حال ہی میں اشیائے خورونوش اور ادویات لے جانے والے کنٹینرز فوری طور پر رہا کرنے اور کرائے کی ادائیگی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، تاہم ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں ہونے والا مالی نقصان پہلے ہی ہوچکا ہے اور صورتحال معمول پر آنے تک سامان کی ترسیل متاثر رہے گی۔