کرم میں حالات کشیدہ: فوجی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں اور شیلنگ جاری، لوگ نقل مکانی پر مجبور

سنٹرل کرم (پاک ٹوڈے): کرم کے مختلف علاقوں میں کئی ماہ سے جاری کشیدگی کے باعث مقامی آبادی کی نقل مکانی ایک بار پھر شروع ہوگئی، جبکہ ستار منڈن اور گواکی میں سیکیورٹی فورسز کی مبینہ شیلنگ اور ہیلی کاپٹروں کی گشت کے دوران گواکی گورنمنٹ مڈل اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق سنٹرل کرم کے علاقوں ستار منڈن، گواکی، ارمگی، کنڈالی، تندوری، جاؤسو اور چنارک میں گزشتہ کئی ماہ سے صورتحال کشیدہ ہے۔ گزشتہ دو سے تین روز کے دوران متاثرہ آبادی کی نقل مکانی دوبارہ شروع ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مختلف علاقوں میں دن بھر توپ خانے سے گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ مختلف علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کی گشت اور مبینہ شیلنگ بھی کی گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق آج ستار منڈن اور گواکی میں سیکیورٹی فورسز کی شیلنگ کے نتیجے میں گواکی گورنمنٹ مڈل اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ تاحال ان کارروائیوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع یا تصدیق نہیں ہوئی۔

دوسری جانب متاثرہ خاندان اپنے علاقوں سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق توری وڑہ راستہ مکمل طور پر بند ہونے کے باعث متاثرہ خاندان اس راستے سے سفر نہیں کر سکتے اور انہیں متبادل راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے۔

Related posts

امریکا کا مستقبل کا رویہ جوہری معاہدے میں بقا کا تعین کرے گا؛ تہران یمن اور ریاض میں حقیقی امن چاہتا ہے: سیکیورٹی چیف محسن رضائی

احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوگا: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

فواد چوہدری کے پختونوں کو افغانستان بھیجنے کے بیان پر نثار باز خان کا سخت ردعمل