کراچی (پاک ٹوڈے): کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبر پل کے قریب ٹریلر کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ ایک مرد شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود شہری مشتعل ہوگئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریلر کو آگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق ٹریلر میں لگنے والی آگ ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے بجھا دی گئی، تاہم ٹریلر ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس واقعے سے متعلق مزید کارروائی کر رہی ہے۔