کراچی (پاک ٹوڈے): شہر قائد میں دو لاکھ ٹن سے زائد درآمدی گندم پہنچنے کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی، بلکہ فلار ملز مالکان نے مختلف اقسام کے آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائن آٹے کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 210 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ڈھائی نمبر آٹا بھی 15 روپے مہنگا ہونے کے بعد 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں گندم کی قیمت بھی بڑھ کر 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
دوسری جانب رومانیہ سے 50 ہزار ٹن درآمدی گندم لے کر آنے والا جہاز ایم وی زونگ چانگ کراچی پہنچ گیا ہے۔ یہ گندم پنجاب منتقل کی جائے گی۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے درآمدی گندم کے چار جہازوں میں سے ایک خیبر پختونخوا، دو پنجاب اور ایک سندھ کے لیے گندم لے کر پہنچا ہے۔
تاہم درآمدی گندم کی آمد کے باوجود کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ ہونا شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔