رائے ونڈ (پاک ٹوڈے): مولانا احمد بٹلہ نے تبلیغی جماعت کے نئے امیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ انہیں مولانا نذر الرحمٰن کے انتقال کے بعد رائے ونڈ تبلیغی مرکز کے اکابرین نے نیا امیر منتخب کیا ہے۔
مولانا احمد بٹلہ رائے ونڈ مرکز کے سینئر بزرگ اور عالمی شوریٰ کے رکن ہیں۔ وہ اس سے قبل تبلیغی جماعت پاکستان کے نائب امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور علم و تدریس کے حوالے سے شیخ الحدیث کی حیثیت رکھتے ہیں۔
مولانا نذر الرحمٰن 16 نومبر 2026 کو 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد مولانا احمد بٹلہ تبلیغی جماعت کے پانچویں امیر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل نومبر 2018 میں حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد مشاورت کے ذریعے مولانا نذر الرحمٰن کو امیر منتخب کیا گیا تھا، جبکہ مولانا احمد بٹلہ نائب امیر مقرر ہوئے تھے۔ حاجی محمد عبدالوہاب نے اپنی وصیت میں جانشینی کے لیے مولانا نذر الرحمٰن، مولانا احمد بٹلہ اور مولانا عبیداللہ خورشید کے نام تجویز کیے تھے۔
رائے ونڈ عالمی اجتماع 2026 میں مولانا احمد بٹلہ نے بیانِ عصر بھی کیا تھا، جس کا مرکزی موضوع توبہ تھا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو توبہ، دینی تعلیمات پر عمل اور دعوت و تبلیغ کے ذریعے اپنی زندگیوں کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی تلقین کی تھی۔