نیویارک (پاک ٹوڈے): اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں آن لائن شاپنگ کو مزید آسان بنانے کے لیے دو نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن میں ورچوئل ٹرائی آن اور فیورٹس شامل ہیں۔
نئے اپ ڈیٹ کے بعد صارفین چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے کپڑے اور دیگر فیشن آئٹمز خریدنے سے پہلے یہ دیکھ سکیں گے کہ وہ ان پر کیسے نظر آئیں گے۔ ورچوئل ٹرائی آن فیچر کے ذریعے صارف اپنی سیلفی یا مکمل جسم کی تصویر اپ لوڈ کر سکے گا۔
چیٹ جی پی ٹی کے شاپنگ نتائج میں موجود ’ٹرائی آن‘ بٹن کے ذریعے صارف کسی لباس یا ایکسیسری کو اپنی تصویر پر دیکھ سکے گا۔ اسی طرح ویب سے کسی لباس کی تصویر یا اسکرین شاٹ اپ لوڈ کرکے چیٹ جی پی ٹی سے اس کے ورچوئل ٹرائی آن کے بارے میں بھی پوچھا جا سکے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ فیچر اس کے نئے ChatGPT Images 2.5 ماڈل کی مدد سے کام کرتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ماڈل میں روشنی کو زیادہ قدرتی انداز میں پیش کرنے، بہتر ٹیکسچر، زیادہ قابل اعتماد ایڈیٹنگ اور تیز رفتاری سے تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
اوپن اے آئی نے فیورٹس فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی پسند کی مصنوعات محفوظ کر سکیں گے۔ یوں چیٹ جی پی ٹی صارفین کو صرف مصنوعات تلاش کرنے کے بجائے خریداری سے قبل انہیں ورچوئل طور پر دیکھنے اور پسندیدہ اشیا محفوظ کرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔