پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کا احتجاجی مارچ 4 اکتوبر کو ہوگا۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق جنوبی اضلاع سے آنے والے قافلے کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے، جبکہ ملاکنڈ ڈویژن سے نکلنے والے قافلے کی قیادت پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی اضلاع، پشاور، ملاکنڈ اور ہزارہ سے آنے والے قافلے صوابی میں جمع ہوں گے۔ ان کے مطابق مارچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور وسائل کی کمی مارچ کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی کامیابی حکومت کے رویے پر منحصر ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی اپنے بانی عمران خان سے ملاقات، انہیں اسپتال منتقل کرنے اور ان کے مقدمات کی جلد سماعت کا مطالبہ کررہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو بالغ اور مفاہمت پسند رہنما قرار دیتے ہوئے جمعے کو ہونے والے مذاکرات کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں نے اپنے اپنے مؤقف پیش کیے ہیں، اب دیکھنا ہے کہ مذاکرات آگے کس سمت جاتے ہیں۔