اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں سب سے پہلے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے اعلان پر بات ہوگی۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ایک جانب مذاکرات کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب اعلانات بھی کررہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ روز کے مذاکرات میں دہشت گردی سے متعلق ایجنڈے پر بھی بات ہوئی تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما مذاکرات کی میز پر ایک بات کرتے ہیں اور باہر آکر مختلف مؤقف اختیار کرتے ہیں، اس طرز عمل سے مذاکرات کی حیثیت برائے نام رہ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے اختتام تک اس نوعیت کا بیان سامنے نہیں آنا چاہیے تھا۔ طارق فضل چوہدری کے مطابق اشتعال انگیزی اور مذاکرات ایک ساتھ کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں، اس پر غور کرنا ہوگا۔