سوات (پاک ٹوڈے): سوات میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پہلا واقعہ سیدو شریف کے علاقے میاں بابا میں پیش آیا جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں احتشام ولد اسماعیل، اسماعیل ولد محمود شاہ اور ایک خاتون مسماۃ ن زوجہ خادی الرحمان جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ لاشوں کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسرا واقعہ منگلور پل کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ مقامی رپورٹ کے مطابق مقتول کا تعلق کوکارئی سے تھا اور اس کی عمر تقریباً 40 سال بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے دونوں واقعات کے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔