راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پیرودہائی سے دو روز قبل لاپتا ہونے والی 15 سالہ لڑکی کی لاش قریبی گھر سے ملنے کے بعد اغوا کے مقدمے میں قتل کی دفعہ بھی شامل کرلی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی گھر سے مدرسے جانے کے لیے نکلی تھی تاہم واپس نہیں آئی۔ اگلے روز اس کی لاش قریب واقع خالو کے گھر سے برآمد ہوئی۔
لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ پیرودہائی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں نامزد ملزم تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں لڑکی کی موت گلا دبانے کے نتیجے میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی دم گھٹنے سے موت کی تصدیق ہوئی ہے۔
ادھر لڑکی کے لاپتا ہونے والے روز کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں 6 اکتوبر کو لڑکی کو گلی میں نامزد ملزم سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ نامزد ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
