لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں ابھرتے ہوئے ایک اور غیر معمولی رفتار کے مالک فاسٹ بولر کو تلاش کر لیا ہے۔ ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے نوجوان گیند باز قیوم خان نے لگ بھگ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرا کے کرکٹ حکام اور سلیکٹرز کو دنگ کر دیا ہے۔
قیوم خان نے حال ہی میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برق رفتار بولنگ سے سب کو متاثر کیا۔ اس سے قبل وہ ‘وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام’ کے ذریعے بھی اپنی اسپیڈ اور صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔
ان کی اس غیر معمولی رفتار اور صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے نوجوان پیسر کو خصوصی دیکھ بھال اور بالنگ اسکلز میں مزید نکھار لانے کے لیے لاہور میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کرکٹ حلقوں کا ماننا ہے کہ اگر قیوم خان کی درست رہنمائی اور تربیت کی جائے تو وہ آنے والے وقت میں پاکستان کے اگلے ایکسپریس فاسٹ بولر ثابت ہو سکتے ہیں۔