پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکا، سی سی ڈی ماورائے عدالت قتل کر رہی ہے، اسد قیصر

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب عملاً پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال تشویش ناک ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان بنانا ری پبلک بن چکا ہے، جہاں ایک صوبے کے وزیراعلیٰ اور اسمبلی کے اسپیکر کی موجودگی اور تحویل سے متعلق سوالات کے باوجود کوئی واضح جواب نہیں دیا جا رہا کہ انہیں کس قانون کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیاسی تحریکوں میں مشکلات اور اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، تاہم ان کی جماعت اپنی جدوجہد اور نظریے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ان کے مطابق سیاسی جدوجہد میں اصل شکست اس وقت ہوتی ہے جب کوئی خود ہار تسلیم کر لے۔

اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی، کارکنوں اور ذمہ داران کی بڑی تعداد لاپتہ ہے اور ان کی بازیابی کے لیے مؤثر آئینی و قانونی راستہ نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی پاسداری، قانون کی بالادستی اور آزاد عدالتی نظام کے قیام کے بغیر موجودہ بحران سے نکلنا مشکل ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور جمہوریت پسند قوتوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔ اسد قیصر کے مطابق پی ٹی آئی جمہوریت کی بحالی اور عوام کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔

Related posts

خیبرپختونخوا میں آٹے کی سرکاری قیمت مقرر، 20 کلو تھیلا 2520 روپے میں دستیاب ہوگا

پشاور میں افغان مہاجرین کے خلاف پولیس کارروائیاں جاری، طورخم سے یکم نومبر کو واپسی کے انتظامات

افغانستان کے صوبہ قندھار میں پاکستان سے اسمگل کی گئی ادویات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی