پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کی توہینِ عدالت درخواست نمٹا دی

پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا نام سفری پابندیوں کی فہرستوں سے نہ نکالنے کے خلاف دائر توہینِ عدالت درخواست پر کارروائی مکمل کرتے ہوئے کیس کو نمٹا دیا ہے۔

​جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل یک رکنی بینچ نے معاملے کی سماعت کی۔ کارروائی کے دوران ڈائریکٹر ایف آئی اے سمیت دیگر متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

​ایف آئی اے حکام نے بینچ کو آگاہ کیا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں درخواست گزار کا نام پروویژنل نیشنل ائڈنٹیفکیشن لسٹ، ایگزٹ کنٹرول لسٹ اور پروویژنل کنٹرول لسٹ سمیت تمام تر متعلقہ واچ لسٹس سے مکمل طور پر حذف کر دیا گیا ہے، اور اس وقت ان کے خلاف کوئی سفری پابندی عائد نہیں ہے۔

​دورانِ سماعت درخواست گزار کے کونسل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مینا خان آفریدی کو برطانیہ کی ایک یونیورسٹی کی جانب سے مدعو کیا گیا تھا۔ سابقہ عدالتی اجازت کے باوجود ائیرپورٹ پر انہیں بیرونِ ملک روانگی سے روکا گیا، جو کہ صریحاً توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

​عدالت عالیہ نے ایف آئی اے کی جانب سے ناموں کے اخراج کی تسلی بخش رپورٹ پیش کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست باضابطہ طور پر فائل کر دی۔

Related posts

جنوبی وزیرستان اپر: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ممتاز قبائلی رہنما ملک نائیک محمد محسود جاں بحق

کراچی: منگھوپیر میں گھر میں ڈکیتی پر مزاحمت، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی جاں بحق

ٹانک میں نامعلوم افراد نے بنیادی مرکزِ صحت کو دوبارہ بارودی مواد سے اڑا دیا