پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور ہائیکورٹ نے ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کی 8 افغان طالبات کو ملک بدر کرنے سے روک دیا اور متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا۔
درخواستوں کی سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ افغان طالبات ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں زیر تعلیم ہیں اور ہاؤس جاب مکمل نہ ہونے کی صورت میں ان کی پانچ سالہ تعلیمی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست گزاروں کے مطابق ملک بدری کے فیصلے سے طالبات کا مستقبل متاثر ہوگا اور وہ اپنی پیشہ ورانہ تعلیم مکمل نہیں کر سکیں گی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے 7 اکتوبر کو افغان میڈیکل طلبہ کی ملک بدری سے متعلق اعلامیہ جاری کیا تھا، جبکہ اس سے قبل بھی پشاور ہائیکورٹ افغان طلبہ کو عبوری ریلیف دے چکی ہے۔
عدالت نے درخواست گزار 8 افغان طالبات کو ملک بدر کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا اور سماعت ملتوی کردی۔