حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے
بلوچستان میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف صنفی تشدد کے خاتمے، ان کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے 16 روزہ آگاہی مہم کا آغاز ہوگیا ہے، جو 25 نومبر سے 10 دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر عورت فاؤنڈیشن بلوچستان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے حکومت سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی پر عمل درآمد اور عملی اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے کارکنوں، سول سوسائٹی کے اراکین اور عورت فاؤنڈیشن بلوچستان نے سال 2026 کی مہم کا موضوع پیش کیا:
”خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہوں، انصاف کو یقینی بنائیں، متاثرہ خواتین اور لڑکیوں کا تحفظ کریں اور مجرموں کو سزا سے بچنے نہ دیں۔“
حکومت سے سفارشات
عورت فاؤنڈیشن بلوچستان نے اس موقع پر حکومت کو درج ذیل سفارشات پیش کیں۔
1۔ کم عمری کی شادی کی روک تھام:
یہ بات خوش آئند ہے کہ صوبائی حکومت نے کم عمری کی شادی کی روک تھام سے متعلق بل اسمبلی سے منظور کر لیا ہے۔ اس بل کے رولز آف بزنس بھی جلد از جلد منظور کیے جائیں۔
2۔ تیزاب سے متاثرہ خواتین کی بحالی:
تیزاب سے متاثرہ خواتین کی بحالی اور آبادکاری سے متعلق بل جلد از جلد اسمبلی میں پیش کرکے منظور کیا جائے۔
3۔ ہراسانی کے خلاف قانون پر عمل درآمد:
مقامِ کار پر مردوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف 2016 کے قانون کے تحت سرکاری و غیر سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں میں کمیٹیوں کی تشکیل اور عوامی سطح پر آگاہی مہم کو یقینی بنایا جائے۔
4۔ امن اور بھائی چارے کی فضا کی بحالی:
بلوچستان میں امن اور بھائی چارے کی فضا بحال کرنے کے لیے حکومتی سطح پر عوام کے تعاون سے پالیسی تشکیل دی جائے۔
5۔ خواتین کی برابری کی بنیاد پر نمائندگی:
حکومت کو تجویز دی گئی کہ سرکاری اداروں میں تمام سطحوں پر خواتین کو برابری کی بنیاد پر نمائندگی دی جائے۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور بینکوں میں معذور افراد کی آسان رسائی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
6۔ بلدیاتی انتخابات:
تمام سیاسی جماعتوں سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات جلد منعقد کرائے جائیں اور ان میں جنرل نشستوں پر خواتین کی برابری کی بنیاد پر نامزدگی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کے لیے میئر یا ڈپٹی میئر کے عہدے پر کسی خاتون کو منتخب کیا جائے۔
مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا انعقاد
بلوچستان میں اس سال محکمہ ترقیِ نسواں، عورت فاؤنڈیشن، خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے قائم ایوا جی الائنس، قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، صوبائی کمیشن برائے خواتین، اسلامک ریلیف، اقوام متحدہ اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے سال 2026 کے موضوع کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں خواتین کی تحریکیں ان 16 دنوں کے دوران خواتین پر ہونے والے تشدد اور جبر کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی ہیں۔ فعالیت کے یہ 16 دن پوری دنیا میں خواتین پر تشدد اور جبر کے خلاف جدوجہد کی علامت کے طور پر منائے جاتے ہیں۔