لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور ہائیکورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اگر انہیں نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی وجوہات پیش کرنا ہوں گی اور غیر قانونی اقدام کرنے والے کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی ہوئی ہے تو معاملہ سنگین نوعیت کا ہے۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور انہیں جمعرات کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
درخواست جمعیت علمائے اسلام کے کارکن اور وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ تک محدود کردیا گیا ہے اور ان کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق پارک ویو سوسائٹی میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ قانونی حکم نامے کی نقل طلب کرنے کے باوجود فراہم نہیں کی گئی جبکہ مولانا سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جارہی۔
مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے۔ ان کی مبینہ نظر بندی اور رہائی کے لیے دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت نے سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔