پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعمت اللہ مہمند کو پشاور میں ان کی رہائش گاہ سے نامعلوم افراد کی جانب سے اغوا کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے کارکن عامر خان سمیت دیگر ساتھیوں کو بھی مبینہ طور پر اپنے ہمراہ لے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نعمت اللہ مہمند کی رہائش گاہ پر آئے اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ پارٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے اور لانگ مارچ ہر صورت جاری رہے گا۔
ادھر خیبرپختونخوا میں آئی ایس ایف کے کارکن عامر خان سمیت دیگر ساتھیوں کے اغوا کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ ان واقعات کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ پارٹی کارکنوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔