پشاور میں مولانا فضل الرحمان کا بڑا سیاسی وار، گورنر راج، 27ویں ترمیم اور صوبائی خودمختاری پر کھری کھری سنا دیں

پشاور (پاک ٹوڈے): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر راج، صوبائی خودمختاری، معدنی وسائل اور ملکی سیاسی صورتحال پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت اسلامی ریاست، معاشی خودمختاری اور جمہوریت کے جو مقاصد سامنے رکھے گئے تھے، تقریباً 80 سال گزرنے کے باوجود ان کی تکمیل نہیں ہو سکی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں حقیقی جمہوری حکومت اور آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کا فقدان ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل قانون سازی کے حوالے سے رہنمائی کے لیے قائم کی گئی تھی، لیکن اس کی سفارشات پر پارلیمنٹ میں مناسب بحث نہیں ہو رہی، حالانکہ 26ویں آئینی ترمیم میں اس حوالے سے بحث کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے ملکی معیشت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے برآمدات، درآمدات، جی ڈی پی، مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان معاشی اعتبار سے ایران اور افغانستان کے مقابلے میں کہاں کھڑا ہے، اس کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

صوبائی خودمختاری اور معدنی وسائل

مولانا فضل الرحمان نے صوبوں کے اختیارات اور نئے صوبوں کے قیام کی بحث پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں صوبائی حقوق کی بات کرنے والوں کو غدار قرار دیا جاتا تھا، لیکن اب صوبوں کو تقسیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کم نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 57 فیصد حصہ ملتا ہے، لیکن اس پر بھی اعتراضات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس قانون کے ذریعے صوبے کے معدنی وسائل پر اختیار حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

گورنر راج اور قبائلی علاقوں کی صورتحال

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں شدت پسندی اور تشدد کے واقعات کو بنیاد بنا کر گورنر راج نافذ کیا گیا، حالانکہ بلوچستان میں بھی امن و امان کی صورتحال کے مسائل موجود ہیں۔ انہوں نے سابق قبائلی علاقوں کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی تحفظات ظاہر کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے عوام پر کسی بھی فیصلے کے اثرات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے لیے 100 ارب روپے سالانہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن اس میں سے کتنی رقم حقیقت میں فراہم کی گئی، اس کا جواب دیا جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے الزام لگایا کہ قبائلی اضلاع میں کرفیو کے دوران قیمتی معدنی وسائل کی غیر قانونی منتقلی کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق بعض علاقوں میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے معدنیات کی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ دو روزہ کرفیو کے دوران وسائل کی اسمگلنگ کے واقعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

فوج سے متعلق مؤقف اور پی ٹی آئی سے مذاکرات

مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ ان کی جماعت فوج کے خلاف نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج ملک کی دفاعی قوت ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ فوج بیرونی دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط ہو، تاہم فوج کے دفاعی کردار کی حمایت کو صوبائی حقوق اور آئینی معاملات پر اختلاف سے الگ سمجھا جانا چاہیے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطے میں کردار ادا کیا تھا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے مطالبات حکومت تک پہنچائے گئے اور حکومت کی جانب سے انہیں تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کی گئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ ختم کرنے پر بھی تیار تھی، لیکن بعد میں انہیں بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ نے ان مطالبات سے اتفاق نہیں کیا اور گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے سرمایہ کاروں کے ملک چھوڑنے پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کے خلاف مقدمات اور دباؤ کے روایتی طریقوں سے معیشت بہتر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے نئی اور مؤثر پالیسیوں کی ضرورت ہے۔

Related posts

بھارت میں اے ایس آئی کے قتل کا معمہ حل، خاتون پولیس اہلکار سمیت 4 ملزمان گرفتار

امریکا کو مطلوب منشیات کا بدنام زمانہ ڈان میکسیکو میں گرفتار

سینٹکام کی امریکی ایف سولہ طیارے کو نقصان پہنچنے کی تردید، ایران کا دعویٰ مسترد