طورخم/سپین بولدک (پاک ٹوڈے): پاکستان کی مختلف جیلوں سے رہا ہونے والے مزید 409 افغان شہری رواں ہفتے طورخم اور سپین بولدک سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے افغانستان واپس پہنچ گئے۔
افغان صوبوں قندھار اور ننگرہار کے محکمہ مہاجرین کے مطابق رہائی پانے والے افغان شہریوں میں سے 29 افراد سپین بولدک کے راستے قندھار جبکہ 380 افراد طورخم کے راستے صوبہ ننگرہار پہنچے۔
افغان حکام کے مطابق وطن واپس پہنچنے والے افراد کی رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس عمل میں معاون اداروں نے بھی تعاون کیا، جس کے بعد تمام افراد کو ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
محکمہ مہاجرین کے مطابق پاکستان سے رہا ہونے والے ان افغان شہریوں کی واپسی کا عمل رواں ہفتے مکمل ہوا۔ تاہم ان افراد کی گرفتاری کی وجوہات، جیلوں میں قید کی مدت اور رہائی کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔