پشاور (پاک ٹوڈے): حیات آباد میں واقع اقرا یونیورسٹی پشاور کیمپس میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے کلاسز کا بائیکاٹ کردیا۔
طلبہ کے مطابق یونیورسٹی میں پینے کے صاف پانی، کلاس رومز میں اے سی، ٹرانسپورٹ اور لیبارٹری کی سہولیات ناقص ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار انتظامیہ کو مسائل سے آگاہ کیا گیا، تاہم ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
احتجاج کے دوران طلبہ نے کیمپس کے اندر نعرے بازی کی۔ عینی شاہدین کے مطابق اس دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب یونیورسٹی کے سیکیورٹی گارڈ نے پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کی۔
ہوائی فائرنگ کے بعد طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کیمپس میں بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
طلبہ نے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ مسائل حل کرنے کے بجائے طاقت کے استعمال سے احتجاج کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے واقعے کا نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
تاحال یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے واقعے اور ہوائی فائرنگ سے متعلق کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا۔