ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد السلمان کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی جنگجوؤں کی عدن کی جانب پیش قدمی اور باب المندب کے قریب یمنی حکومتی فورسز کے انخلا کی اطلاعات ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد بن عبدالعزیز السلمان کو وزیر دفاع کا عسکری امور کا مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد بن رقاد الرویلی کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ مشترکہ افواج کے کمانڈر کے فرائض بھی سونپ دیے گئے ہیں۔
فہد السلمان کو اگست 2024 میں یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کی مشترکہ افواج کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ یہ اتحاد مارچ 2015 میں یمن میں حوثی تحریک کے خلاف فوجی کارروائیوں میں شامل ہوا تھا۔
حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی اتحاد کی فضائی اور عسکری معاونت کے باوجود یمنی حکومتی فورسز کو کئی علاقوں میں پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کو حکومت نواز فورسز نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں سے انخلا شروع کیا، جہاں وہ آبنائے باب المندب کے کنٹرول کے لیے حوثی جنگجوؤں کے خلاف برسرِ پیکار تھیں۔ حکومتی فورسز کا کہنا ہے کہ وہ عدن کے دفاع کے لیے اپنی پوزیشنیں مضبوط بنا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حوثی جنگجوؤں نے ستمبر میں اچانک کارروائی کے بعد یمن کے مغربی ساحلی علاقوں اور تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب کے اطراف میں پیش قدمی کی تھی۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مکہ اور ریاض کی جانب بھیجے گئے دو ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔ حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر 88 حملے کیے، جن میں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔