پشاور (پاک ٹوڈے): زلمی فاؤنڈیشن نے افریدی آباد کے الخیر اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک کروڑ روپے کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے واقعے میں معصوم بچوں اور خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مالی امداد اس ناقابل تلافی نقصان کا ازالہ نہیں کر سکتی۔
جاوید آفریدی نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
زلمی فاؤنڈیشن نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے ریسکیو اہلکاروں اور طبی عملے کی خدمات کو بھی سراہا۔