کولمبو (پاک ٹوڈے): پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان دھنانجایا ڈی سلوا نے فوری طور پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق دھنانجایا ڈی سلوا نے سلیکشن کمیٹی کو خط کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں قیادت کی ذمہ داری اب اگلی نسل کو منتقل ہونی چاہیے۔
دھنانجایا ڈی سلوا نے کپتانی چھوڑنے کے باوجود بطور کھلاڑی سری لنکا کی نمائندگی جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے دھنانجایا ڈی سلوا کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل کے کیریئر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ بطور کھلاڑی بھی ان کی خدمات کا منتظر ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سری لنکا کرکٹ کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کپتان اور اسکواڈ کا اعلان کیا جانا ہے، جبکہ کوشل مینڈس کو ٹیسٹ ٹیم کا عبوری کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔