آخری اوورز میں سنسنی خیز مقابلہ، سری لنکا ویمنز نے پاکستان کو 4 رنز سے ہرا دیا

عجمان (پاک ٹوڈے): آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 کے سپر سکس مرحلے میں سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔ 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی۔

متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ امیشا دلانی نے 38 گیندوں پر 56 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ویشمی گنارتنے نے 30 جبکہ سنجنا کاوندی نے 16 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اُمِ ہانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نشرا سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ پاور پلے کے پہلے چھ اوورز میں ٹیم نے 34 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔ گل فیروزہ صفر، شوال ذوالفقار 4، منیبہ علی 7 اور عائشہ ظفر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

اس موقع پر عمیمہ سہیل نے 37 گیندوں پر 36 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا، جبکہ ایمن فاطمہ نے 17 گیندوں پر 10 رنز بنائے۔ طوبیٰ حسن نے 18 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی اور آخری لمحات میں تسمیہ ربّاب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 23 رنز بنائے۔ مومنہ ریاض 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، تاہم پاکستانی ٹیم ہدف سے 4 رنز پیچھے رہ گئی۔

سری لنکا کی جانب سے ستھیا سندیپانی نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سگندیکا کماری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ملکی مدارا اور نیلکشیکا ڈی سلوا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی شکست میں ابتدائی اوورز کے دوران وکٹوں کا جلد گرنا اہم ثابت ہوا۔ عمیمہ سہیل، طوبیٰ حسن اور تسمیہ ربّاب نے ٹیم کو مقابلے میں واپس لانے کی کوشش کی، لیکن آخری اوورز میں مطلوبہ رنز حاصل نہ کیے جا سکے۔

Related posts

پی ایس ایل 12: فرنچائزز کے ڈائریکٹ سائننگز کا آج آخری دن، ہر ٹیم کو ایک بڑے نام کے انتخاب کا موقع

امریکا شرائط پوری کرے تو دو گھنٹے میں آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہیں، ایران

شہباز شریف کا پہلا سرکاری دورہ روس 30 نومبر سے، صدر پیوٹن سے ملاقات میں توانائی، دفاع اور افغانستان کی صورت حال پر بات چیت متوقع